مجازی تدریس و اکتساب میں گوگل کلاس روم کا انتظام و انصرام – MOOCs کی جانب بڑھتے قدم
تمہید
تکنالوجی ہماری زندگی کے مختلف شعبوں پر اثر انداز ہو رہی ہے۔ تعلیم کے میدان میں اس کے گہرے اثرات دیکھنے کو ملتے ہیں۔ ایک طرف جہاں گوگل ہمیں دنیا بھر کی معلومات یکجا کرکے فراہم کرتا ہے اور اسے ہم عام طور پر ایک سرچ انجن کے طور پر جانتے ہیں، وہیں اس کے اندر بہت سے اپلیکیشن ملتے ہیں، جن کا استعمال ہم اپنے روزمرہ کے مختلف کاموں کے لئے کرتے ہیں۔ ان میں 'یو ٹیوب، گوگل پلے، گوگل میپ، جی میل، گوگل ڈرائیو، گوگل پلس' وغیرہ بہت ہی کارآمد ایپس ہیں، جن کا استعمال ہر خاص و عام کرتا ہے۔ اس کے علاوہ بھی گوگل مزید ایپس کو فراہم کرتا ہے، جن کی لمبی فہرست ہے، لیکن اس میں ایک گوگل کلاس روم بھی ہے، جو معلم کا دوست مانا جاسکتا ہے۔ جیسے کے نام سے ظاہر ہے، اس کا استعمال ایک ' مجازی کلاس روم' کے طور پر کیا جاسکتا ہے۔ لیکن ہمیں اس پر یہ تشویش ضرور ہوتی ہے کہ اگر یہ مجازی ہے، تو کیا اکتساب واقع ہوتا ہے؟اور اگر ہوتا ہے تو کیا یہ بھروسہ مند اکتساب ہے؟
تدریس و اکتساب کا انتظام و انصرام
اگر اسکول و کلاس کو ایک جاندار شئے تصور کریں تو اس کے اندر واقع ہونے والے تدریس، اکتساب، تعین قدر اور ان تمام کا انتظام و انصرام بدن میں دوڑتے خون کی طرح ہے، جو اسکول کو زندہ جاوید رکھنے کے لئے ضروری ہیں۔ جہاں تعلیم گود سے گور تک یعنی زندگی بھر چلنے والا عمل ہے وہیں تدریس مخصوص مقاصد کے تئیں ارادتاً حاصل کئے جانے والے نشانات ہیں۔ اس کے بخوبی حصول کے لئے کلاس کا انتظام و انصرام management ہونا ضروری ہے۔ کلاس مینجمنٹ وہ عمل ہے جس کے ذریعے اس بات کو یقینی بنایا جاتا ہے کہ طلباء کو کلاس روم کے اسباق آسانی سے فراہم کئے جائیں۔ یہ تمام سرگرمیاں مجازی طور پر آن لائن نظام کے ذریعے بھی فراہم کرسکتے ہیں، اگراس طرح کے کلاس روم کے قیام کے پلیٹ فارم اساتذہ کے لئے دستیاب ہوں۔
عام کلاس روم کا تصور
تدریس کے دوران استعمال ہونے والی کلاس روم ایک مخصوص اصطلاح رکھتی ہے۔ یہ ایک ایسی جگہ ہے جہاں اساتذہ، طلبہ اپنے نصاب سے متعلقہ مواد پر بحث و مباحثہ کرتے ہیں۔ ان کی تدریس و اکتساب کو کارگر کرنے کے لئے مختلف وسائل کا استعمال کرتے ہیں، اور اُنہیں، کتاب، اشکال، آن لائن پروگرام یا تجربات کی روشنی میں سکھاتے ہیں۔ جب تدریس و اکتساب کا عمل پورا ہوجائے تو اس کا تیقن کرنے کے لئے اساتذہ طلبہ کا تعین قدر کرتے ہیں، جس کے لئے مختلف قسم کے سوالات جیسے معر وضی یا مختصر جوابی سوالات کا استعمال بھی کرتے ہیں۔ ان تمام سہولیات اور افعا ل کی انجام دہی کے لئیے ایک مفت ایپ جو ہمیں دستیا ب ہے وہ گوگل کلاسس روم ہے۔
گوگل کلاس روم کیا ہے؟
سب سے پہلے ہمارے ذہنوں میں یہ سوال ابھرتا ہے کہ یہ گوگل کلاس روم ایپ کیا ہے؟ انٹرنیٹ اور گوگل پر موجود مواد کا جائزہ لیا جائے تو ہمیں پتہ چلتا ہے کہ یہ بہت ہی کارآمد ایپ ہے، جو اسکول، اساتذہ اور طلبہ کے لئے کارآمد ہے۔
Google کلاس روم اسکولوں کے لئے ایک مخلوط اکتساب فراہم کرنے والا پلیٹ فارم ہے جس کا مقصد بِنا کاغذ کے استعمال کے تفویضات کی تخلیق، تقسیم اور گریڈنگ کو آسان بنانا ہے۔ Google کلاس روم ایک مفت ایپلیکیشن ہے جس کے تحت بغیر کاغذی نگہداشت کے طالب علموں اور اساتذہ کو اسائنمنٹس پر مذاکرات، تعاون، تنظیم کرنے کی سہولت دستیاب ہے۔
اسکے لئے سب سے پہلے ایک عام کلاس روم کا موازنہ گوگل کلاس روم ایپ سے کیا جائے، تو پتہ چلتا ہے کہ ایک کلاس روم میں معلم، متعلم، ہوتے ہیں اور تدریس و اکتساب کے لئے ضروری وسائل موجود ہوتے ہیں اور تعلیم کے مقصد کے حصول کے لئے پہلے سے طئے شدہ مقاصد کے جائزہ لینے کے لئے جانچ و تعین قدر کیا جاتا ہے۔ اس طرح تعلیم کے حصول کو یقینی بنایا جاتا ہے۔ اس تمام عمل میں طلبہ کا ریکارڈ، ان کی ترقی کا ریکارڈ اور ان کے اکتسابی وسائل کی فراہمی، اور دونوں فریقین کے درمیان باہمی ربط کو فراہم کرنا شامل ہے۔ مزیدار بات یہ ہے کہ گوگل کلاس روم میں یہ تمام سہولیات موجود ہیں۔ تدریس و اکتساب کے لئے نہ ہمیں کوئی کمرہ جماعت کی ضرورت ہوتی ہے، اور نہ اس کے لئے کوئی صرفہ خرچ کرنے کی ضرورت۔ معلم و متعلم دونوں ایک دوسرے سے ایک پلیٹ فارم پر جڑے رہتے ہیں اور اس کے لئے بھی انہیں کوئی پلیٹ فارم کا سافٹ ویئر خریدنے کے لئے کوئی خرچ کرنے کی ضرورت ہوتی ہے، کیونکہ گوگل کلاس روم ہر گوگل کے استعمال کنندگان کے لئے مفت اور آسانی سے دستیاب ہے۔
گوگل کلاس روم کیسے شروع کیا جاسکتا ہے؟
جس طرح اوپر ذکر کیا گیا ہے، ہر گوگل استعمال کنندگان اس کا استعمال کر سکتا ہے اور اس کے لئے صرف استعمال کنندگان کا گوگل آئی ڈی ہونا ضروری ہے۔ سب سے پہلے ہم اپنے گوگل آئی ڈی کا استعمال کرکے اپنے اکاونٹ میں داخل ہو سکتے ہیں۔ پھر اسکے بعد اپلی کیشن کے ذریعے گوگل کلاس روم کو مزید آپشن کے ذریعے جڑ سکتے ہیں۔ اگر آپ ایک استاد ہیں اور پہلی بار اس کا استعمال کررہے ہیں تو اپنی کلاس یا درجہ کا اندراج کرسکتے ہیں۔ ایک بار اگر معلم اپنی کلاس کا اندراج کرتا ہے تو اسے مزید آپشن کھل جاتے ہیں۔ یہ ضروری نہیں ہے کہ آپ کی کلاس اعلیٰ سطح کے طلبہ کی ہی ہو، بلکہ یہ ضروری ہے کہ ان طلبہ کے پاس اپنا ای میل آئی ڈی ہو جس کے ذریعے آپ ان کو یہاں پر مدعو کرسکتے ہیں۔
گوگل کلاس روم کے اہم اجزاء
اب جب آپ اپنے کلاس یعنی کلاس کے صفحے میں داخل ہوتے ہیں تو نظر آنے والے آپشنس میں سے آپ مندرجہ ذیل کام کرسکتے ہیں۔
عنوان بنانا Add Topic –اس لنک کے ذریعے آپ اپنے کلاس اور مضمون سے متعلق تمام اسباق کے عنوانات اس میں شامل کر سکتے ہیں، اس سے معلم کو اپنے مواد مضمون کو ڈیجیٹلائیزڈ کرنے کا موقعہ ملتا ہے۔ یہ اس سلسلے کی پہلی کڑی ہے، اگر اس میں کوئی غلطی ہو جائے اور ترمیم کی ضرورت ہو تو آپ اس عنوان کا نام بدل بھی سکتے ہیں، یا غیر ضروری عنوان کو ڈیلیٹ کرنے کی سہولت بھی ہے۔ یہاں پر عنوانات داخل کرنے کی کوئی قید نہیں ہے، یعنی ایک استاد اپنے مضمون سے متعلق دس سے پندرہ یا اس سے زائد عنوانات کو بھی شامل بحث کر سکتا ہے۔
اعلان کرنا Create Announcement – یہ ایک دوسرا اہم مرحلہ ہے، اور جس طرح ایک معلم مواد تدریس کا کمرہ جماعت میں اعلان کرتا ہے اسی طرح یہاں پر وہ اپنے طلبہ کے لئے اعلان کرتا ہے۔ یہ اعلان اوپر طئے کئے گئے کسی بھی عنوان سے متعلق ہو سکتا ہے، اور جس طرح استاد اپنے طلبہ میں سے کسی ایک، چنندہ یا تمام سے مخاطب ہوتا ہے، اسی طرح یہاں بھی اپنے طلبہ کو ایڈریس کر سکتا ہے۔ عام کلاس روم میں وہ اعلان کرکے اپنے تدریسی مواد کو پیش کرتا ہے، جو آواز، پریزینٹیشن، اشکال یا لکھاوٹ کی شکل میں ہوتا ہے، اسی طرح یہاں پر وہ ان تمام ذرائعوں میں یہ مواد پیش کرسکتا ہے۔ اسکے لئے اساتذہ اپنے کمپیوٹر کے مواد کو گوگل ڈرائیو کے ذریعے اپ لوڈ کرسکتے ہیں۔ اس کے علاوہ وہ اپنے گوگل ڈرائیو پر رکھا ہوا مواد بھی سیدھے اپ لوڈ کر سکتے ہیں۔ ایک عام کمرہ جماعت میں پڑھانے والا استاد اپنے مواد جیسے سائنس کے تجربات کو طلبہ کے سامنے کرکے پیش کرتا ہے، جسے ڈیمانسٹریشن کہا جاتا ہے۔ اب اگر دیکھا جائے کہ کیا اس طرح کی سہولت ہمیں گوگل کلاس روم میں دستیاب ہے تو اس کی گنجائش یہاں پر نظر آتی ہے۔ ایک معلم دو طرح سے مواد کو یہاں پر جوڑ سکتاہے، جس کا فائدہ طلبہ کی تدریس میں موثر ثابت ہوگا، کیونکہ یہ ان کی سماعت ہی نہیں، بلکہ بصارت کو بھی متاثر کرتا ہے۔ اب مضمون سے متعلق متن چاہے وہ آڈیو، ویڈیو مواد کو جوڑنے کے لئے استاد کو 'یو ٹیوب' میں موجود مواد کو سرچ کرنے کی گنجائش موجود ہے اور ساتھ ہی ساتھ کسی مخصوص لنک کے URL کو جوڑنے کی سہولت ہے۔ اس کے علاوہ بھی اگر ایک استاد اپنے طلبہ کے ساتھ اگر کوئی کتاب، یا ٹیکسٹ، پی ڈی ایف ، آڈیو، ویڈیو، ملٹی میڈیا کا لنک اگر جوڑنا چاہے تو اس کی سہولت بھی مہیا ہے۔ یعنی کل ملا کر ایک معلم نہ صرف یہ کہ طلبہ کی تدریس میں اپنی مہارت کا بلکہ بیرونی وسائل کے استعمال کی سہولت بھی رکھتا ہے۔
تفویض دینا Create Assignment – ایک معلم اپنے تدریس کے بعد پریڈ ختم کرنے سے پہلے طلبہ کو گھر کے کام تفویض کرتا ہے، اس طرح کی سہولت یہاں پر بھی موجود ہے۔ ایک معلم اپنی تفویض کے لنک سے اس کو ایڈ کر سکتا ہے، اور اس کے لئے کوئی نام دینا ہوگا، اور اس تفویض سے متعلق ضروری ہدایات اگر دی جائیں، تو طلبہ کے لئے کار آمد ہونگی۔ چونکہ ایک عنوان کو مختلف پریڈس میں پڑھایا جاتا ہے تو، ہر پریڈ کے لئے بھی تفویضات دینے کی گنجائش یہاں موجود ہے، اس لئے ہر تفویض کو مختلف عنوانات سے جوڑا بھی جا سکتا ہے۔ معلم اپنے طلبہ کو تفویضات ایک معینہ وقت میں جمع کرنے کو کہتا ہے، اور یہاں اگر اس طرح کی کوئی وقت متعین کی جائے تو طلبہ اس وقت تک ہی اپنے اسائنمنٹ داخل کرسکتے ہیں۔ ان تفویضات کو کرنے کے لئے معلم اگر کوئی حوالہ جاتی مواد دینا چاہے تو اس کو بھی ویب سائٹس کے مواد، آڈیو، ویڈیو، لنک، ملٹی میڈیا کے ذریعے فراہم کرنے کی گنجائش موجود ہے۔ استاد کے ذریعہ تیار کردہ مواد کو اپنے گوگل ڈرائیو کی مدد سے جوڑ کر بھی فراہم کیا جاسکتا ہے۔ Flipped Learning کا طریقہ کار ہے جو کہ تدریس و اکتساب کے ایک اہم طریقہ کے طور پر مشہور ہے۔
سوال بنانا Create Question – استاد اپنے طلبہ سے تدریس کے دوران مختلف سوالات بھی کرتا ہے، یہ سوالات مخصوص طلبہ سے بھی ہوتے ہیں اور تمام سے بھی۔ اگر گوگل کلاس روم کا ذکر کیا جائے تو ان سوالات کو بنانے کی گنجائش موجود ہے، اور اس کے لئے ضروری ہدایات بھی دی جاسکتی ہیں، تاکہ طلبہ کو انہیں حل کرنے میں مشاورت ملے۔ تفویضات کی طرح مواد کے ادخال کی میعاد بھی دی جاسکتی ہے اور سپورٹ )حمایت( کے وسائل کی فراہمی بھی ممکن ہے۔ ساتھ ہی ساتھ یہ سوالات مختصر ہونگے یا کثیر جوابی ہونگے، استاد اس کو بھی طئے کر سکتا ہے۔ اب چونکہ اس طرح کے سوالات میں طلبہ کی نشونما ممکن ہے اس لئے طلبہ ان کو آپس میں شئیر بھی کر سکتے ہیں اور ضرورت پڑھنے پر اس کی تصحیح بھی ممکن ہے۔ استاد ان سوالات کوپہلے سے تیار کرکے رکھ سکتے ہیں اور پہلے سے طئے شدہ وقت پر پوسٹ بھی کرسکتے ہیں یا ان کو ڈرافٹ بنا کر رکھ کر ترمیم بھی کر سکتے ہیں۔ اگر ان سوالات کو بعد میں موزوں نہ پایا جائے تو ان کو ڈیلیٹ بھی کیا جاسکتا ہے۔
پوسٹ کا دوبارہ استعمال Reuse Post – چونکہ ٹیچر مختلف جماعتوں اور مختلف مضامین کو پڑھا رہے ہوتے ہیں، اور ان مضامین میں پڑھائے گئے چنندہ مواد دوسرے کلاسس کے لئے بھی کارآمد ہوتے ہیں تو، معلم کو گوگل کلاس روم میں اس مواد کے دوبارہ استعمال کی گنجائش بھی موجود ہے۔ اس میں نہ صرف دوسری جماعت کے اعلانات، بلکہ سوالات اور دوسرے اٹیاچمنٹ )منسلکات( بھی جوڑسکتے ہیں۔
طلبہ
ایک کلاس روم کا تصور اسی وقت تکمیل پاتا ہے، جب اس میں طلبہ موجود ہوں۔ گوگل کلاس روم میں اساتذہ کو اس کی گنجائش موجود ہے کہ وہ اپنے طلبہ کا انتخاب کریں اور ان کا ایک گروپ بنا کر تدریس کریں۔
طلبہ کو مدعو کرنا Invite Students – اس لنک کے ذریعے آپ اپنے طلبہ کو مدعو کر سکتے ہیں۔ اس کے لئے انفرادی دعوت یا اجتماعی دعوت اپنے گوگل کے ایڈریس بک میں موجود طلبہ کو ایڈ کر کے کر سکتے ہیں۔ ساتھ ہی ساتھ ان کے علاوہ آپ اپنے جاننے والے طلبہ کو بھی راست طور پر ایڈ کرسکتے ہیں، جن کے ای میل ایڈریس آپ کے پاس موجود ہیں۔ ویسے تو طلبہ کو داخل کرنے کی کوئی لمٹ )حدود( نہیں بتلائی گئی ہے، لیکن ایک کلاس روم ٹیچر کی ضروریات کے مطابق انہیں ایڈ کیا جاسکتا ہے۔ اگر وہ استاد کے دعوت نامے کو اپنے ای میل سے ایکسیپٹ )قبول( کرتے ہیں تو وہ یہاں پر ممبر بن جاتے ہیں اور اس کلاس روم میں ملنے والی تدریس و اکتساب کا حصہ بن جاتے ہیں۔ اسکے علاوہ استاد انکے ساتھ انفرادی اور اجتماعی طور پر ای میل کے ذریعے اور مواد پر کمینٹ comment کے ذریعے ربط میں رہ سکتے ہیں۔ معلم کو یہ گنجائش ہے کہ وہ صرف اساتذہ کو ہی مواد پر کمینٹ کی سہولت دیں یا طلبہ کو بھی اس کی سہولت دستیاب ہو۔ اس کے علاوہ معلم کو اپنے طلبہ کو mute کرنے، ای میل کرنے یا ڈیلیٹ کرنے کی سہولت ہے، یعنی استاد نارمل کلاس روم کی طرح اس کلاس روم کا بھی نظم کر سکتا ہے اور روزمرہ کی سرگرمیوں کو قابو میں رکھ سکتا ہے۔
گوگل کلاس روم کا نظم
دوسرے عام کلاسس کی طرح معلم ایک کمرہ جماعت کو اکیلا پڑھا سکتا ہے، یا مختلف اساتذہ کے ساتھ مل کر ایک مضمون یا مختلف مضامین پڑھا سکتا ہے۔ اس طرح اگر دوسرے اساتذہ کو جوڑا جائے تو دوسرے استاد کو بھی کلاس کے نظم کی وہ تمام سہولیات دی جاسکتی ہیں، جو پہلے معلم کو دستیاب ہیں، یعنی وہ کسی مخصوص مضمون کو پڑھا سکتے ہیں، اس کے سوالات تیار کرسکتے ہیں ہے اور طلبہ کا نظم بھی ممکن ہے۔ اس طرح طلبہ کو ایک ہی پلیٹ فارم پر مختلف ماہرین کی امداد مل جاتی ہے۔ استاد کو مدعو کرنے کی یہ سہولت Invite Teacher کے طور پر About کلاس روم لنک میں موجود ہے۔ About لنک کے ذریعے آپ اپنی تدریس کا مواد جوڑ سکتے ہیں، جو اوپر ذکر کئے گئے مواد کی طرح ملٹی میڈیا مواد ہوگا۔ جس طرح آپ اپنے کلاس کا نام اور روم نمبر ٹائم ٹیبل میں اندراج کرتے ہیں، یہ سبھی یہاں داخل کرنے کی سہولت ہے۔ ساتھ ہی ساتھ یہ غور طلب بات ہے کہ آپ کا داخل کیا گیا نیا مواد ہر بار اوپر کی جانب آتا ہے اور پرانا مواد اسکرین کے نچلے حصّے میں چلا جاتا ہے، اس طرح سے طلبہ updateرہ سکتے ہیں۔
کلاس روم کیلنڈر Classroom Calendar - اس کے ذریعے معلم اپنی کلاس کے کیلنڈر کی نگرانی کر سکتے ہیں۔ جس کی وجہ سے انہیں طلبہ کی پیش رفت کا اندازہ قائم کرنے میں مدد ملتی ہے۔ یہ اندازہ صرف ایک کلاس کا ہی نہیں بلکہ معلم کے ذریعہ ہینڈل handle کی جانے والی تمام کلاسس کا بھی اندازہ قائم کرنے میں مدد دیتی ہے۔ معلم اپنے کلاس کے کیلنڈر کو اپنے ذاتی گوگل کیلنڈر سے بھی جوڑ سکتے ہیں تاکہ سالانہ منصوبہ بندی کی جاسکے اور تمام اساتذہ کے ساتھ ملکر کلاس کا نظم کیا جائے۔ اس طرح جنرل ہالی ڈیز، امتحانات کے شیڈیولز کی تیاری ممکن ہے۔
کلاس ڈرائیو فولڈر Class Drive Folder – استاد کے ذریعے کی جانے والی تمام تر سرگرمیوں کا ریکارڈ cloud system کے ذریعے گوگل ڈرائیو پر رکھا جاسکتا ہے۔جس کی وجہ سے استاد کا بنایا گیا تمام مواد طلبہ کے لئے 24x7 دستیاب ہوگا۔
گوگل کلاس روم کو کس طرح حاصل کیا جاسکتا ہے؟
گوگل کلاس روم کو استعمال کنندگان ویب براوزر، iOS، انڈرائیڈ، کھروم پر چلنے والے مختلف ڈیوائیزز پر استعمال کر سکتے ہیں۔ اس کے استعمال کے لئے انٹرنیٹ کا استعمال ضروری ہے۔ یہ آف لائن استعمال نہیں کیا جاسکتا۔ چونکہ یہ مواد مختلف براوزرس پر آسانی کے ساتھ کھل سکتا ہے، اس لئے اساتذہ و طلبہ دونوں اسے موبائل، ڈسک ٹاپ یا لیپ ٹاپ پر استعمال کر سکتے ہیں۔ اساتذہ اور طلبہ اپنے کردار کے مطابق دوسرے مطالعات کے دوران حاصل شدہ مواد کو گوگل کلاس روم میں شیئر بھی کرسکتے ہیں جیسے واٹس ایپ پر حاصل شدہ نصاب پرمبنی ویڈیو کو اس کلاس میں شیئر کیا جاسکتا ہے ۔
نتائج
کل ملا کر ہمیں لگتا ہے کہ ترقی کے اس دور میں جہاں تکنالوجی کا بول بالا ہے، اساتذہ کو اس طرح کے پلیٹ فارم کے استعمال کی اشد ضرورت ہے۔ اس سے اساتذہ اپنے طلبہ سے24x7 جڑے رہ سکتے ہیں۔ نہ صرف یہ کہ اس طرح کے پلیٹ فارم کے استعمال سے اساتذہ کو ڈیجیٹل مواد کی تیاری میں کام کرنے کا موقعہ ملے گا، بلکہ وہ نئے دور کے تعلیمی نظام یعنی MOOCs کی طرف اپنے قدم بڑھانے میں آگے آئیں گے۔ حالانکہ موجودہ وقت میں اس پلیٹ فارم کا استعمال مخصوص استعمال کنندگان کے لئے محدود طور پر کیاجارہا ہے، اس لئے یہ بڑے پیمانے پر ہمیں دستیاب نہیں ہے اور اسےMOOCs کے طور پر دیکھا نہیں جارہا۔ اساتذہ اگر اس کے استعمال سے بخوبی واقف ہو جائیں تو MOOCs کے پلیٹ فارم جیسے MOODLES اور SWAYAM کے استعمال کے مواقع تلا ش کرسکتے ہیں۔ یہاں پر اس بات کا ذکر خاصہ اہم ہے کہ اس سہولت کے استعمال میں ہم صرف انگریزی زبان تک ہی محدود نہ ہونگے، بلکہ اردو جاننے والے اساتذہ انگریزی کے ساتھ ساتھ وقت ضرورت اردو مواد کا بھی استعمال کر سکتے ہیں۔ موجودہ کووڈ-۱۹ وبائی بیماری کے دور میں جہاں ہمیں طلبہ کے ساتھ ربط رکھتے ہوئے تعلیم کو جاری رکھنے کی ضرورت ہے تو اس تکنیک کا استعمال نہ صرف سودمند بلکہ اشد ضروری ہے۔
Edited copy of this article is published in Monthly Urdu Duniya, August 2021, Vol: 23, Issued: 08, Published by NCPUL, available at https://www.urducouncil.nic.in/readbook (revised title by the publisher is ورچوئل تدریس میں گوگل کلاس روم کا استعمال
Comments
Post a Comment